( شہباز علی ) آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا، پاکستانی ایمپائر علیم ڈار پانچویں بار ورلڈ کپ میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں میچز کے کامیاب انعقاد کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایمپائرنگ اور میچ ریفریز پینل کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق پہلے مرحلے میں لیگ میچز کے آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے، دنیا بھر کے 22 بہترین آفیشلز پینل میں شامل ہیں، 48 میچز کے لیے 16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز کا اعلان کیا گیا ہے۔
میچ ریفریز میں کرس براڈ، ڈیوڈ بون، اینڈی پائی کرافٹ، جیف کرو، راجن مدو گالے اور رچی رچرڈ سن شامل ہیں۔ 30 مئی سے 14 جولائی تک شیڈول ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ ایمپائرنگ پینل میں کمار دھرماسینہ، ایریسمس، رچرڈ النگ ورد، پال ولسن اور نائیجل لانگ اور واحد پاکستانی ایمپائر علیم ڈار شامل ہیں۔