(علی ساہی) محکمہ ایکسائز کے پراپرٹی ٹیکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ نے ٹیکس وصولی میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کردیا، کرائے کی پراپرٹیوں کو ذاتی پراپرٹی ظاہر کر کے 40 کروڑ کم وصول کیے گئے۔
ڈی جی ایکسائز نے ذمہ داران کے تعین کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، 3 ماہ قبل ڈی جی ایکسائز کے حکم پر صوبہ کی مخصوص پراپرٹیز کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروایا گیا، آڈٹ میں تین مختلف پہلوﺅں کو مدنظر رکھا گیا جس میں ٹیکس کی تشخیص، سوفٹ وئیر آڈٹ اور خود جا کر پراپرٹی کو دیکھ کر آڈٹ کیا جانا تھا، جس کے لیے صوبہ بھر سے 75 ہزارکے قریب پراپرٹیز کو چیک کیا گیا، جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے ایکسائز عملہ کی ملی بھگت سے مختلف پراپرٹیز کے مالکان سے کم ٹیکس وصول کیا گیا جس کا تخمینہ 40 کروڑ سے زائد بنتا ہے۔
ڈی جی ایکسائزنے بے ضابطگیاں سامنے آنے پرچاررکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں ایک ڈائریکٹر، ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور 2 ای ٹی اوشامل ہیں، افسران مذکورہ پراپرٹیز کو چیک کر کے ذمہ دران کا تعین کر کے ڈی جی ایکسائز کو رپورٹ کریں گے تاکہ ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جاسکے۔