عمراسلم: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کا انعقاد۔ مختلف ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسی لینس اتھارٹی کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلی پنجاب کی زیرصدارت پنجاب کابینہ نے وثیقہ نویسی کے پیشے کو ریگولیٹ اور سپروائز کرنے کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں م ترمیم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسی لینس اتھارٹی کی کارکردگی کی رپورٹس برائے 2010-14 پیش کی گئیں جسے بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ کابینہ اجلاسیں پنجاب فشریز آرڈیننس 1961 اور فشریز ایکٹ 1999 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ 640 میگاواٹ کے آزاد پتن ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے پنجاب کی حدود میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب جنرل پراویڈنٹ انوسٹمنٹ فنڈ ایکٹ 2009 کے تحت لانگ ٹرم سرمایہ کاری کرنے کے اقدام کی منظوری دی گئی۔ زرعی مارکیٹنگ ریفارمز کا فیصلہ، پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2018 کومنظورکر لیا گیا۔ کابینہ نے انسانی حقوق کے بارے میں پنجاب پالیسی کی منظوری بھی دی۔ جبری مشقت کے خاتمے کے ایکٹ 1992 میں مجوزہ ترامیم کیلئے مسودہ ترمیمی بل کو بھی منظور کر لیا گیا، جبکہ اجلاس میں کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کی تینتالسویں سے چونویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دانش سکولز کے بچوں نے ایچی سن اور گرائمر سکولز کے طلبہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے دانش سکولز کیلئے دن رات کام کرنے پر چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام، محکمہ تعلیم اور دانش سکولز اتھارٹی کے حکام کی تعریف کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو شاباش دی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے بنائے جانے والے بارہ سو تریسٹھ میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹ کی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ پاکستان میں گیس سے چلنے والا سب سے بڑا بجلی گھر ہوگا۔ حکومت نے توانائی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے مثالی کام کیا ہے۔