مریم نواز نے فیصل آباد کو میٹرو بس، آئی ٹی پارک اور سفاری پارک دینے کا اعلان کر دیا

25 Sep, 2024 | 10:00 PM

سٹی42:  آئی ٹی پارک، میٹرو بس،  سفاری پارک، شیخوپورہ روڈ کی اپ گریڈنگ؛ وزیر اعلیٰ  مریم نواز شریف نے فیصل آباد  دورہ کے دوران فیصل آباد کے شہریوں کے لئے  میگا پراجیکٹس کا اعلان کر دیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنر آفس  میں اجلاس کیا۔ اس اجلاس میں  وزیر اعلیٰ کو صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، انفراسٹرکچر اور میونسپل سروسز  کے شعبوں کی صورتحال اور مجوزہ  منصوبوں بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز شریف نے اجلاس میں اعلان کیا کہ لاہور کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کا دوسرا آئی ٹی سٹی اور بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں میٹرو بس سروس کا آغاز بھی اگلے سال سے کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو جدید اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے سفاری پارک کے قیام کے حوالے سے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روٹی، آٹا اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر مکمل کنٹرول رکھا جائے اور ان کی مانیٹرنگ کے لیے افسران کو فیلڈ میں جا کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فیصل آباد شیخوپورہ روڈ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 فیصل آباد کی 30 فیصد سے زائد یونین کونسلوں میں صفائی مکمل ہو چکی ہے اور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ اگلے جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو فیصل آباد رنگ روڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ قبضہ مافیا سے واگزار کی گئی زمین پر پارک اور کھیل کے میدان بنانے کے حوالے سے بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا کسان پیکیج پر عملدرآمد کا اعلان، نوجوانوں کو بھی خوشخبری سنا دی

  مریم نواز شریف نے صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو بین الاقوامی معیار پر ری ویمپ کیا جا رہا ہے اور انہیں ضروری مشینری بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے پیٹرولنگ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 دوسری جانب اجلاس میں موجود ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے فیصل آباد کے لئے کیے گئے ان اقدامات پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔سینٹر پرویز رشید، وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک، طلال چوہدری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، عابد شیر علی، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری زراعت افتخار سہو، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت فیصل آباد کے لیگی ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔

مزیدخبریں