پاکستان کو آگے بڑھنے کے لئے جس رقم کی ضرورت تھی، آئی ایم ایف نے منظور کر دی

25 Sep, 2024 | 09:29 PM

سٹی42: پاکستان کی حکومت کو اپنے معاشی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور حکومت کے روز مرہ اخراجات پورے کرنے کے لئے جس رقم کی ضرورت تھی وہ آئی ایم ایف نے فراہم کر دی۔  عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے  7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی ہے۔


آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کےاجلاس  میں پاکستان کا بیل آؤٹ پیکیج  ایجنڈا پر  سر فہرست تھا۔

اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے  ذرائع نے آج آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ  کی جانب سے پاکستان کے لئے ایک ارب دس گروڑ ڈالر سے زیادہ  قسط  کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سات ارب ڈالر کے لگ بھگ نئے پروگرام کی پہلی قسط ملنے کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال کے دوران آئے گی۔ 

 آئی ایم ایف کا یہ پیکیج ایک قرضہ ہے  جو 5 فیصدسے کم سود   پر ملے گا۔  گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد  نے اس قرضے کے بارے  میں صحافیوں کو بتایا کہ  پاکستان کو  ایک ارب 10کروڑ ڈالرز تک کی پہلی قسط ملےگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرض اس لئے مل رہا ہے کہ  پاکستان نےآئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی تھیں۔

 نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھاکہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردی ہیں، سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ 

مزیدخبریں