حیدر علی : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو آئین کے مطابق چلانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام و انتشار کا شکار ہے، ملک میں آئینی ترمیم ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ بے خبر ہے، آئینی ترمیم سے وزیر اعظم شہباز شریف تک سب بے خبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن چوری ہوا، لیکن کسی نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو چھوڑ دیا۔ عمران خان کرپشن ختم کرنے آئے تھے آج کرپشن دس گنا بڑھ چکی۔
انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسی صاحب کو فلفور اپنا ٹائم پورا کر کے رخصت ہو جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں آئین پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، عوام کے مینڈیٹ کو بھی چوری کیا گیا۔ موجودہ حکومت عوامی حمایت حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہے۔