افشاں رضوان :انار کلی نیلہ گنبد میں تجاوزات کی بھر مار ہے ۔ تجاوزات کے سبب اہل علاقہ سمیت راہگیر بھی پریشانی میں مبتلا ہیں ۔
نیلہ گنبد سائیکل مارکیٹ کے دکانداروں نے دکانیں فٹ پاتھ پر سجالیں،پارکنگ سٹینڈ کے باعث نیلا گنبد روڈ ٹریفک کیلئے تنگ پڑ گئی،غیر قانونی رکاوٹوں کے باعث خریداری کرنے کیلئے آئی خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اہل علاقہ و راہگیروں کی جانب سے انتظامیہ سے تجاوزات ہٹانے کی اپیل کی گئی ہے مگر بے سود۔ دکاندار اپنی دکانیں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر ہی سجانے پر بضد ہیں ۔
نیلاگنبد کے پاس ہی میو ہسپتال بھی ہے جہاں ایمرجنسی کی صورت میں اکثر مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جو راستہ تجاوزات سے پاک ہونا چاہیے تاکہ ہسپتال آنے جانے والے افراد باآسانی جا سکیں انہیں کئی بار گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
غیر قانونی پارکنگ اور سائیکلوں کی دکانیں شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہیں ۔ اس لیے شہریوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ یہاں تجاوزات کو ختم کیا جائے۔