سٹی42: بالی ووڈ کی ہر دلعزیز اداکارہ جو اب سیاستدان بھی ہیں شوہر سے جان چھڑانے پر کیوں مجبور ہو گئی، انڈین میڈیا سٹوری سامنے لے آیا۔
ایک وقت میں مقبول ترین فلمیں دینے والی اداکارہ و سیاستدان ارمیلا ماتونڈکر نے شادی کے 8 سال بعد اپنے شوہر محسن اختر سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ارمیلا ماتونڈکر ہندی فلموں کے ساتھ تیلگو، ملیالم، مراٹھی اور تامل فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔ انہیں فلم فیئر ایوارڈ اور نندی ایوارڈ سمیت متعدد اعزاز مل چکے ہیں۔ ارمیلا کی بہترین فلموں مین رنگیلا، ستیہ، کون، بھوت، آئی ڈِڈ ناٹ کِل گاندھی، انڈین، جدائی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا میں شائوع ہونے والی رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ ارمیلا نے شوہر محسن سے علیحدگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ میڈیا کی بعض رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ دونوں کی علیحدگی ہوچکی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت کے ذرائع نے بتایا کہ ارمیلا نے اپنے شوہر محسن اختر سے طلاق لینے کے لیے عدالت میں درخواست دی ہے۔ دونوں کی لو میرج تھی، علیحدگی کی وجہ اب تک واضح نہیں۔
ارمیلا کے ایک قریبی ذریعہ نے انکشاف کیا کہ ارمیلا شوہر محسن سے طلاق لے کر فلموں میں واپسی کی خواہشمند ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ اپنی تمام تر توجہ کام پر رکھیں۔انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس حوالے سے ارمیلا مٹونڈکر اور محسن اختر سے رابطہ کیا گیا لیکن دونوں نے اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ارمیلا اور محسن اختر کے درمیان طلاق باہمی رضامندی سے نہیں ہو رہی بلکہ یہ فیصلہ صرف اداکارہ نے لیا ہے۔
خیال رہے کہ ارمیلا اور محسن اختر نے فروری 2016 میں شادی کی تھی، محسن اختر مسلمان اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔