لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر ہلاک

25 Sep, 2024 | 01:54 PM

ویب ڈیسک : پولیس اورمحکمہ سی ٹی ڈی نے ضلع لکی مروت میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے مقامی کمانڈر انعام عرف سرہ لمبہ کو جہنم واصل کردیا ۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع لکی مروت میں طور لونگ خیل کے قریب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، پولیس کو دیکھتے ہی فتنہ الخورج کے کارندوں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے بھرپور جوابی فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں  فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر اور انتہائی مطلوب خوارج انعام عرف سرہ لمبہ ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا خوارج ولایت عرف گل بالا ایک اور ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگیا۔

پولیس نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، بم دھماکوں اور پولیس پر حملوں میں بھی مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھا۔ ہلاک خوارج سے خودکار اسلحہ بھی برامد کرلیا ہے، تاہم مفرور خوارج کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزیدخبریں