'کبھی میں کبھی تم'، اسکرینز کی جان بن گیا

25 Sep, 2024 | 01:34 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پاکستانی کامیاب ڈراموں میں خاص مقام بنانے والے ڈرامے 'کبھی میں کبھی تم' نے ٹی آر پی کے معاملے میں بھی سنگِ میل عبور کرلیا۔

مڈل کلاس فیملی اور اس میں بیٹوں کی شادی کے بعد پیش آنے والے مختلف معاملات کے گرد گھومتی کہانی 'کبھی میں کبھی تم' پاکستان میں بے انتہا شوق سے دیکھا جارہا ہے۔ ڈرامے کی کہانی کا مرکز فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے کردار 'مصطفیٰ' اور 'شرجینا' ہیں جنکی شادی غیر ارادی طور پر ہوئی لیکن دونوں نے اس شادی کو کامیاب بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ایسا ساتھ دیا کہ ہر کسی کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈراما ہر نئی قسط کے ساتھ کامیابی کی منازل طے کرتا جا رہا ہے کیونکہ ڈرامے کی کہانی دلچسپ سے دلچسپ ہوتی جارہی ہیں۔'کبھی میں کبھی تم' یوٹیوب پر شاندار کامیابی کے جھنڈے گاڑتا دکھ رہا ہے اور  اسکی ہر ایک قسط 20 ملین سے زائد ویوز بآسانی حاصل کر رہی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ ڈراما پاکستان ٹیلی ویژن کی ریٹنگ لسٹ میں بھی سب سے اونچے مقام پر جا پہنچا ہے جس کی ٹیلی ویژن رینٹنگ پوائنٹ (ٹی آر پی) 19 ہے۔

اے آر وائے ڈیجیٹل کی جانب سے 'کبھی میں کبھی تم' کا ٹی آر پی ریکارڈ پر مبنی پوسٹر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔

'کبھی میں کبھی تم' سے قبل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ایک اور ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی ٹی آر پی بھی 19 کے قریب تھی جسکا حصول کسی بھی ڈرامے کیلئے شاندار کامیابی سے کم نہیں۔

اپنے پسندیدہ ڈرامے کی شاندار کامیابی پر ناظرین خوشی سے جھومتے نظر آرہے ہیں اور یہ تبصرہ کرتے دکھ رہے ہیں کہ ڈرامے کی کامیابی میں ہر ایک فنکار کا ہاتھ ہے۔'کبھی میں کبھی تم' کی شاندار کامیابی کا راز دلچسپ کہانی کے علاوہ فنکاروں کی حقیقت پسند اداکاری بھی ہے جو دیکھتے ہوئے معلوم ہی نہیں چل رہا کہ  ناظرین کوئی حقیقی منظر دیکھ رہے ہیں یا ڈراما۔


 

مزیدخبریں