(ویب ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری جس کے باعث قیمتیں رواں سال بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق برینٹ آئل 32 سینٹ اضافے کے ساتھ 93.59 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 24 سینٹ اضافے کے ساتھ 90.27 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
قبل ازیں 20 ستمبر کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 10ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی تھیں۔عالمی بینچ مارک میں برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت تقریباً ایک ڈالر کمی کے بعد 93.33 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جو گزشتہ روز 93.54 فی بیرل تھی، اس سے قبل برینٹ کروڈ کی فی بیرل قیمت تقریباً 96 ڈالرتک پہنچ گئی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا کی تین چوتھائی تیل کی قیمت کیلئے استعمال ہونے والے برینٹ فیوچرز کی قیمت میں جون میں سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے اعلان کے بعد سے تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب روس نے پیٹرول اور ڈیزل کی برآمدات پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی لگا دی ہے،روسی وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں تیل کی قلت کے سبب پابندی لگائی گئی ہے،وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کو دیکھ کر مزید اقدامات کریں گے۔
پابندی کا اطلاق روس کی زیرِ قیادت یوریشن اکنامک یونین ممبران پر نہیں ہوگا ، یونین ممبران میں بیلاروس، قازقستان، آرمینیا اور کرغستان شامل ہیں۔