ویب ڈیسک: معروف اسکرپٹ رائٹر خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ میں نہیں مانتا کہ بیوی کے علاوہ کوئی بھی مرد کی تربیت کرسکتا ہے۔
حال ہی میں خلیل الرحمان قمر نجی ٹی وی کے ایک شو میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے کیرئیر سمیت بے وفائی اور محبت سے متعلق کئی سوالات کیے۔خلیل الرحمان کا کہناتھا کہ بیوی سے متعلق مزاحیہ جملے صرف مذاق ہوتے ہیں جب کہ اس کے برعکس ایک اچھی بیوی اللہ کی نعمت ہوتی ہے اور میں نہیں مانتا کہ بیوی کے علاوہ کوئی بھی کسی مرد کی تربیت کرسکتا ہے۔دوران گفتگو خلیل الرحمان قمر نے شادی شدہ مردوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں شادی شدہ مرد بھی بہت سی غلطیاں کرتے ہیں، کبھی بھی اپنی بیوی کو یہ جتلانے کی کوشش نہ کریں کہ آپ شوہر ہیں کیوں کہ جب ہم اپنی بیوی کو شوہر بن کر یہ بتانا چاہتے ہیں وہ ہماری تابعدار رہے تو وہاں آپ ناکام ہونے لگتے ہیں، بیوی کے سامنے ماں کی طرح ہی ہتھیار ڈال دیں کیوں کہ بیوی بھی ماں جیسی ہی اہم ہے۔
ڈرامہ رائٹر نے کہا کہ بیویوں سے محبت اور احترام کے ساتھ پیش آئیں اور ان سے غیر ضروری بحث نہ کریں ، اس طرح آپ زندگی میں ہمیشہ خود کو تر و تازہ محسوس کریں گے۔دوسری جانب بے وفا کو دی جانے والی سزا سے متعلق خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ ’بے وفا کیلئے میری سزاڈرامہ ’ میرے پاس تم ہو ‘ کی سزا جیسی ہی سزا ہے کیوں کہ بے وفاؤں کو پچھتاوے کی زندگی کی سزا دے کر چھوڑدینا چاہیے، جو آپ کا نہیں اسے آپ بھی بتادیں کہ آپ اس کے نہیں ہیں۔