علی رامے: پنجاب حکومت نے سڑکوں کی بحالی اور مرمت کے بجٹ کو دس ارب روپے کا کٹ لگا دیا، ہزاروں سڑکوں کی بحالی اور مرمت متاثر،محکمہ مواصلات نے بجٹ میں اضافے کیلئے ایوان وزیراعلٰی کو سمری ارسال کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہزاروں چھوٹی بڑی سڑکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے بجٹ کو کٹ لگانے سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ مواصلات اور تعمیرات نے سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کی بحالی کے بجٹ کےلیے ایوان وزیر اعلیٰ سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمے نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے "ایم اینڈ آر"کی مد میں فنڈز بڑھانے کی استدعا کردی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کی سڑکوں کی بحالی کے لیے سالانہ 12 ارب روپے اور سرکاری عمارتوں کی بحالی کے لیے دس ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ کم ملنے سے سڑکوں کی بحالی اور مرمت سست روی کا شکار ہے۔
محکمہ مواصلات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے 22 ارب روپے کا فنڈ دینے کی اپیل کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کے بعد ہی محکمے کو بجٹ مل سکے گا۔