حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کے انتظامات مکمل

25 Sep, 2021 | 11:55 AM

Sughra Afzal

بھاٹی چوک (شاہد ندیم سپرا) برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 978 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، صرف کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے حامل صارفین مزار شریف پر جا سکیں گے۔

ایڈمنسٹریٹر داتا دربار خالد محمود سندھو نے کہا ہے کہ عرس کی تقریبات کا آغاز کل رسم چادر پوشی سے ہوگا، جس کے بعد تین روزہ تقریبات میں ہزاروں زائرین اور عقیدت مند مزار شریف پر حاضری دیں سکیں گے،کورونا ایس او پیز پر ہر ممکن عملدرآمد کروایا جائے گا، زائرین کو ماسک لازمی پہننا ہو گا، تقریبات کے دوران زائرین کے لئے بڑے پیمانے پر لنگر کی تیاری بھی شروع کر دی جائے گی۔

  لنگر کمیٹی کے سربراہ میاں سعید نے کہا کہ آنیوالے زائرین کی مٹن قرمہ، مٹن بریانی، نان حلیم ، زردہ اور حلوہ کیساتھ تواضع کی جائے گی، تقریبات کے پہلے روز داتا دربار کے سامنے دودھ کی روایتی  سبیل کا بھی افتتاح کر دیا جائے گا، تقریبات کے دوسرے روز سماع ہال میں محفل سماع کا آغاز بھی ہو جائے گا، جس میں ملکی اور غیر ملکی قوال اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 

سماع کمیٹی کے سربراہ ملک عابد نے کہاکہ سماع ہال کے انتظامات کو مکمل کر لیا گیا۔عرس تقریبات کے دوران گیٹ نمبر دو صرف خواتین کے لئے مختص ہو گا جبکہ گیٹ نمبر ایک، چار اور پانچ سے مرد زائرین آ سکیں گے۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے لئے واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ہیں۔

 

 

مزیدخبریں