( شہزاد خان ابدالی ) لاہور چیمبر انتخابات کا پہلا مرحلہ، پیاف فاؤنڈر الائنس نے 701 پینل ووٹ حاصل کرکے کلین سویپ کردیا، صدارتی امیدوار میاں طارق مصباح سب سے زیادہ 872 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے، الیکشن کمیشن ممبران سہیل لاشاری، شاہد حسن شیخ اور ہارون شفیق نے نتائج کا اعلان کیا۔
لاہور چیمبر انتخابات شہر کی بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے انتخابی دنگل میں پیاف فاؤنڈر الائنس نے کارپوریٹ کلاس کے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر کلین سویپ کردیا۔ الیکشن کمیشن ممبران سہیل لاشاری، ہارون شفیق اور شاہد حسن شیخ نے نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 948 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے پیاف فاؤنڈر الائنس نے 701 پینل ووٹ حاصل کرکے کلین سویپ کیا۔
صدارتی امیدوار میاں طارق مصباح الرحمٰن 872 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے، مردان علی زیدی 841 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر اور طاہر منظور چودھری 834 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح محمد ندیم قریسی 826، عبدالودود علوی 800، ملک ریاض787، مبشر نصیر بٹ 783 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے۔ نومنتخب صدر میاں طارق مصباح الرحمٰن نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب کیا وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے۔
ہارنے والے امیدواران طاہر ملک 155، میاں محمد نواز 139 انفرادی جبکہ 21 پینل ووٹ حاصل کرسکے۔ اب ایسوسی ایٹ کلاس کا بڑا انتخابی دنگل ہفتہ کی صبح ہوگا۔