لاہوریوں کیلئے برُی خبر، مفت تفریح کی سہولت ختم

25 Sep, 2020 | 03:03 PM

Sughra Afzal

جیل روڈ (درنایاب) چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی کی زیرصدارت پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، جیلانی پارک میں ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کیلئے زپ لائن بنانے کا فیصلہ، بورڈ نے پارکوں کی انٹری فیس کی ابتدائی منظوری دے دی۔

اجلاس میں گزشتہ بورڈ فیصلوں پرعمل درآمد، پی ایچ اے کے2020-21 کے سالانہ بجٹ، پی ایچ اے ملازمین کیلئے یوٹیلیٹی الاؤنس کی منظوری دے دی گئی، جیلانی پارک میں ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کیلئے زپ لائن بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے، پی ایچ اے کے ریونیو بڑھانے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں اور کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، پارکوں میں کینٹین اور جھولوں سے وصولیوں کیلئے دو ماہ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وصولیوں میں 1 ماہ کا ریلیف دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پارکوں میں انٹری اور پارکنگ فیس عائد کرنے کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب دیں گے، ڈی جی پی ایچ اے جواد قریشی سمری تیار کرکے منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لیں گے۔

پی ایچ اے ملازمین کیلئےسپورٹ الاؤنس کی منظوری پر سی بی اے یونین نےچیئرمین،وائس چیئرمین اور ڈی جی سے اظہار تشکر کیا، صدر سی بی اے مشتاق بھٹی کا کہنا تھا کہ سپورٹ الاؤنس کی منظوری پرملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔سیکرٹری سی بی اے ممتازعلی بھٹی نےکہا کہ پی ایچ اے افسران اور انتظامیہ کی سپورٹ الاؤنس کی منظوری کیلئےخصوصی جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتےہیں۔

دوسری جانب محکمہ سیاحت نے ڈبل ڈیکر بسوں کے روٹس میں اضافہ کر دیا ، نئے روٹس میں شالامار باغ، بدھا کا آوا، مقبرہ دائی انگہ شامل  ہیں، افتتاح جلد کیا جائے گا، اس سے قبل ڈبل ڈیکر بس گریٹر اقبال پارک، فوڈ سٹریٹ، بادشاہی مسجد پر سیاحوں کے لیے چلائی گئی ہے، واہگہ بارڈر کا روٹس کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کیا گیا تھا جو تاحال بحال نہ کیا جا سکا۔

مزیدخبریں