پنجاب میں ایک اور بچہ پولیو کا شکار

25 Sep, 2020 | 10:24 AM

Shazia Bashir

بسام سلطان: پنجاب میں ایک اور بچہ پولیو کا شکار ہوگیا، رواں سال صوبے میں اموات کی تعداد 4 جبکہ لاہور میں 2 بچے وائرس کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق    پنجاب میں ایک اور بچہ پولیو کا شکار ہوگیا، بچے کا تعلق بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ سے ہے، پنجاب پولیو پروگرام ترجمان کے مطابق بچے کا تعلق دور دراز اور اور دیہاتی علاقے سے ہے اس سال احمد پور شرقیہ سے یہ دوسرا کیس سامنے آیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بچے کے دونوں ہاتھوں، پاؤں، چہرہ اور گردن پولیو سے متاثر ہوئے ہیں اور بچے کی حالت تشویشناک قرار دے دی گئی، نئے کیس آنے کے بعد کے بعد پاکستان بھر میں پولیو کیسوں کی تعداد 74 ہو گئی ہے۔  پنجاب میں ایکٹو  پولیو کیسز  کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سال صوبے میں پولیو سے 4 جبکہ لاہور میں 2 بچے وائرس کی زد میں آ کر جان کی بازی ہارے۔

 یاد رہے کہ گزشتہ روز  ڈپٹی کمشنرلاہور دانش افضال کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک سمیت دیگر افسران شریک ہوئے، اجلاس میں تیسرے روز کی پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، تمام افسران نے ڈی سی لاہور دانش افضال کو اپنے اپنے علاقوں میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

زیرو ہاؤسز، لاکڈ ہاؤسز، ٹیلی شیٹس، ڈور مارکنگ اور فنگرمارکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈی سی لاہور دانش افضال نے پولیو افسران اور پولیو ورکرز کو فیلڈ میں مزید متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ افسران پولیو ورکرز کی فیلڈ میں حاضری کو سختی سے مانیٹر کریں، پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پراجلاس طلب کیا جا رہا ہے،عوام الناس بھی پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلائیں۔

مزیدخبریں