(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نےلاہور کے معروف ریسٹورنٹ یاسر بروسٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات پر سیل اور ڈان ,سنی بریڈ بنانے والوں کو 2،2 لاکھ روپےجرمانے کیساتھ 3 دن کے وارننگ نوٹس جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی سربراہی میں رات گئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فیصل ٹاؤن اور کوٹ لکھپت میں کھانے کے معیار کی چیکنگ کیلئے مختلف ریستورانوں اور اشیاء خورونوش بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے۔فوڈ اتھارٹی نے صفائی کے ناقص انتظامات پر یاسر بروسٹ کی فیصل ٹاؤن برانچ کو سیل کردیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سنی بریڈ کے پروڈکشن ایریا میں اشیاء خورونوش کی تیاری کا عمل ناقص پایا گیا۔ بریڈ کولڈ سٹور کا درجہ حرارت زیادہ اوراشیاء خورونوش کی تیاری میں استعمال ہونے والے پانی کے ٹیسٹ اور فلٹرز کی تبدیلی کا ریکارڈ موجود نہ ہونے اور سٹور کی ناقص صفائی پر جرمانہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے بھی کام کرنا پڑا تو کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق قوم کو بہترین خوراک مہیا کرنے کا مشن ہر صورت پورا کریں گے۔