(حافظ شہبازعلی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل شکست کوسرفراز احمد کی ناقص کپتانی اور غیر معیاری ٹیم کمبی نیشن کی مرہون منت قراردے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں دو مسلسل شکستوں پر سابق کپتان سلیم ملک پھٹ پڑے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں دونوں میچوں میں شکست پر بہت غصہ آیا۔پاکستانی ٹیم بغیر کسی حکمت عملی کے کھیلتی دکھائی دے رہی ہے اور سوائے بابر اعظم اور شعیب ملک کے کوئی بلے بازذمہ داری لینے کو تیار دکھائی نہیں دیتا۔ہماری ٹیم کا بیلنس اچھا نہیں ہے اس وقت ٹیم کو مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور عمر اکمل جیسے تجر بہ کار بلے بازوں کی ضرورت ہے۔
سرفراز احمد کی طرز قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سلیم ملک کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو بظاہر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ انہوں نے کہاں اور کیسے کھیلنا ہے،جب ٹیم کا کپتان خود گرا ہوا ہووہ ٹیم کو کیسے لے کر چلے گا۔انہوں نے کہا کہ سرفراز کا نمبر چار پر بیٹنگ کے لئے انتہائی غلط فیصلہ ہے جس سے ٹیم کو نقصان پہنچتا ہے۔
سابق کپتا ن کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کوچ کو چاہیے کہ وہ کھلاڑیوں کو ان کے اپنے انداز میں کھیلنے دیں ،ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہوگی تاہم قومی ٹیم کوبھارت کے خلاف فائنل میں مشکلات پیش آئیں گی۔