سٹی42: جمعہ کو خوارجی دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی ایک مسجد پر حملہ کیا تو پاک فوج کا ایک جنٹلمین کیڈٹ شہید ہوگیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے ایک بیان میں کہا، ’’جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ، بھی اسی مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔ کیڈٹ عارف اللہ شہید پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول میں زیر تربیت تھے اور اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر آئے ہوئے تھے۔
دہشت گردوں نے نماز مغرب کے دوران مسجد پر حملہ کیا۔ اگست میں حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگردوں کو فتنہ الخوارج کا نام دیا تھا تب سے وہ قدم قدم پر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ ان کا اسلام کی تعلیمات سے دور کا بھی کوئی تعلق نہیں اور وہ درحقیقت اسلام کی بنیادی تعلیمات کے ہی دشمن ہیں۔
آئی ایس پی آر نے جینٹلمین کیڈٹ عارف شہید کی مسجد میں شہادت کے واقعہ کے بارے میں معلومات شئیر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی تو عارف نے "بہادری سے مقابلہ کیا"، تاہم، 19 سالہ کیڈٹ نے "شہادت کو گلے لگاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔""مسجد میں نمازیوں پر نماز کے دوران حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔"
پاک فوج کے اجتماعی خیالات کی ترجمانی کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا، ایک نوجوان کیڈٹ کا ایسا بہادرانہ عمل ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔