سینکڑوں خطرناک قیدی اسلام آباد لاتے ہوئے فرار اور گرفتار

25 Oct, 2024 | 06:14 PM

Waseem Azmet

ویب ڈیسک : اسلام آباد میں دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی ملزمان کی قیدی وینوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث 4 افراد سمیت فرار ہونے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔  

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس 82 قیدیوں کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کررہی تھی۔ اسی دوران 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹال پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کردیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔   نامعلوم افراد متعدد قیدیوں کو چھڑوا کر لے گئے، نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی، شیشے بھی توڑے۔ 

 پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قیدیوں کی گاڑیوں میں اٹک جیل سے پیشی کیلئے لائے جانے والے قیدی سوار تھے، حملے کے بعد وینوں میں سوار متعدد قیدی بھی فرار ہوگئے۔

نامعلوم افراد کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد  تھانہ ترنول اور تھانہ سنگجانی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، سول کپڑوں میں اہلکار بھی ترنول کے مضافاتی علاقوں میں پہنچ گئے، جہاں فرار ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ پولیس نے حملے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا، صوبائی وزیر بہبود آبادی کے بیٹے کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ 

پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔ تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردئیے ہیں۔ حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے سنگھجانی ٹول پلازہ کے اطراف میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے فرار ہونے والے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا ۔  پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی۔ 

 پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف مقدمات درج کر لیا گیا ۔ پی ٹی آئی کارکنان پر پولیس حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ بھی درج کیا جائے گا ۔ 

مزیدخبریں