راؤ دلشاد : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سرگودھا کے رکن صوبائی اسمبلی منور حسین اورسیالکوٹ کے رکن پنجاب اسمبلی محمدفیض کی ملاقات ہوئی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں اورسی ایم انیشیٹو کی مسلسل مانیٹر نگ کا حکم دیا، ساتھ ہی روٹی، آٹا اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی اورآٹا سب سے سستا ہے ، روٹی اورآٹے کے نرخ میں کمی اوراستحکام کیلئے سیاسی اورانتظامی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پنجاب میں عوامی خدمت کا قابل تحسین تاریخی معیار قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائس کنٹرول کا باقاعدہ نظام اورعلیحدہ محکمہ قائم کررہے ہیں، عوام کو مہنگائی کی وجہ سے پہنچنے والی معاشی تکلیف کا ازالہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔
ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقوں کے مسائل اورعوامی ضروریات سے آگاہ کیا، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے عوامی فلاح پراجیکٹ کو سراہا، ساتھ ہی کاشتکاروں کے لئے تاریخی اقدامات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔