اویس کیانی : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دی گئی ہے ۔
وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے. 14 برس بعد پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے. انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے. مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی. گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں. مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی. آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی. پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، اپنی عوام سے عہد کیا تھا کہ لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دونگا. ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی. آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے. پر امید ہوں کہ آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی.