اویس کیانی : ڈیرہ اسمٰعیل خان میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان وطن پر قربان ہوگئے ۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید ہوگئے، جبکہ 3 زخمی ہوئے ۔
ترجمان وزارت داخلہ سے معلوم ہوا ہے کہ شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا۔ شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمان، سپاہی اخونزادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب نے جام شہادت نوش کیا۔
زخمی ایف سی اہلکارنائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ۔
ایف سی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ایف سی دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کیلئے پر عزم ہے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔