روڈ بلاک کرنے پر ایمان مزاری کی ٹریفک وارڈن سے جھڑپ،تھپڑ جڑدیا

25 Oct, 2024 | 02:14 PM

طیب سیف:اسلام آباد میں راستہ بند کرنے پر ایمان مزاری اور ٹریفک پولیس کے درمیان شدید جھگڑا، ایمان مزاری کے شوہر ہادی علی چٹھہ نے ٹریفک اہلکار کوتھپڑ جڑدیا۔

تفصیلات کے مطابق واقع اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے زیرو پوائنٹ پر پیش آیا جہاں ایمان مزاری اور ٹریفک پولیس کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔ جھڑپ اس وقت شدت اختیار کر گئی جب ایمان مزاری کے ہمراہ وکیل نے مبینہ طور پر ایک ٹریفک اہلکار کو طعنہ دیا۔

ایمان مزاری کو فوٹیج میں پولیس رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کیلئے لگایا گیا روٹ توڑنے کی کوشش کی جبکہ پولیس انہیں دوبارہ لگا رہی تھی جس کے نتیجے میں ایمان مزاری کے وکیل شوہر ہادی علی چٹھہ نے ٹریفک اہلکار کوتھپڑ جڑدیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایمان مزاری کے شوہر کا کہنا تھا تم مجھے نہیں روک سکتے۔اُن کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ گیسٹ کے ایس اوپیز کی اور قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر مقدمہ درج کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایمان زینب مزاری، پاکستان کی انسانی حقوق کی وکیل ہیں اور سابق وفاقی وزیر شیرین مزاری کی بیٹی ہیں۔ وہ بلوچ نسل سے تعلق رکھتی ہیں اور اسلام آباد میں بلوچ طلباء کے اغوا اور نسلی پروفائلنگ سے متعلق قانونی امور میں سرگرم ہیں۔ایمان نے یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے تعلیم حاصل کی اور وہاں سے قانونی کیریئر کا آغاز کیا۔ دسمبر 2023 میں، انہوں نے عبدال ہادی سے شادی کی، جو خود بھی انسانی حقوق کے وکیل ہیں۔

انہیں 20 اگست 2023 کو اسلام آباد میں پشتون تحفظ تحریک (PTM) کے زیر اہتمام ایک ریلی کے دوران گرفتار کیا گیا، جہاں انہوں نے فوج پر مبینہ اغوا کے الزامات عائد کیے۔ انہیں 28 اگست کو ضمانت پر رہا کیا گیا، مگر فوراً ہی نئی دہشت گردی کے الزامات کے تحت اڈیالہ جیل کے باہر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، 2 ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں اس کیس میں ضمانت دے دی۔

مزیدخبریں