اسلام آباد: عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کی ضمانت منظور

25 Oct, 2024 | 09:34 AM

ویب ڈیسک:اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کے کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت 20، 20 ہزار روپے مچلکوں پر منظور کیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی تھی، جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر پشاور پہنچ گئی تھیں۔

واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

قبل ازیں، 19 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی تھی۔

مزیدخبریں