(ویب ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ 19 ویں روز بھی جاری ،فلسطینی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے اب تک 6 ہزار 55 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں 50 فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے باعث زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار 143 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رات بھر اسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ میں شدید بمباری کی گئی۔
اس بمباری سے ہونے والے جان نقصان کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو اسرائیلی بمباری سے 182 بچوں سمیت 704 فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے، جو ایک دن میں سب سے زیادہ شہادتیں تھیں۔
عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ غزہ میں امداد کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے، مگر صہیونی ریاست نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔