وقاص عظیم: پاک امریکہ تجارت میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز، اور امریکی تجارتی سفیر کیتھرین ٹائی، ورچوئل میٹنگ میں 9ویں پاکستان امریکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمینٹ فریم ورک اگریمنٹ کونسل میٹنگ کے بعد ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی برآمد پر ڈیوٹی فری رسائی پر غور کیا جائے۔ پاکستان امریکہ سے کپاس کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے۔ دوطرفہ تجارت میں قدر بڑھانے کے لیے ٹیکسٹائل اور صنعتی مینوفیکچرنگ میں مشترکہ منصوبے کو تلاش کیا جائے۔
گوہر اعجاز نے امریکی عہدیار کو بتایا کہ امریکہ پاکستان سے آئی ٹی برآمدات کے لیے سرفہرست ملک ہے۔ دونوں ممالک پاکستان کی آئی ٹی کی صلاحیت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
وزیر تجارت نے سفیر ٹائی کو حکومت پاکستان کی طرف سے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی نمائندہ تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط ہمیشہ حوصلہ افزا ہیں۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے معاملات پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔