ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اسٹاربیٹر محمد رضوان کے آئی سی سی نے انوکھے اندازمیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے خواب دیکھا،اسے چاہا اور کل کے میچ میں اس کو عملی جامہ پہنادیا۔
آئی سی سی نے اپنی سوشل میڈیا سائٹس پر محمد رضوان کی شیڈو پریکٹسنگ اور میچ میں کھیلی گئی زبرست اننگز کا موازنہ کرتی ویڈیو شئیر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ محمد رضوان نے کل کے تاریخی پاک انڈیا میچ میں وہی اسٹروک کھیلے جن کی وہ پریکٹس کرتے چلے آرہے تھے ۔
گذشتہ روز انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 79 رنز بنائے جن میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ اسی میچ کے دوران محمد رضوان نے بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو کا کیچ تھام کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100 کیچز پکڑنے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
علاوہ ازیں بابر اعظم کے ہمراہ اوپننگ کرتے ہوئے ریکارڈ 152 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔ سال 2021 محمد رضوان کیلئے بہت ہی خاص ہے کیونکہ وہ سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی رکھتے ہیں، رواں سال 18 میچز میں محمد رضوان نے 104 رنز کی اوسط سے 831 رنز بنا رکھے ہیں۔
گزشتہ روز میچ کے دوران پانی کے وقفے میں وکٹ کیپر محمد رضوان نے نماز ادا کی جس کی تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا صارفین نےمحمد رضوان کے اس عمل کو خوب سراہا۔