وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کردیا

25 Oct, 2020 | 01:22 PM

Azhar Thiraj
Read more!

عمر اسلم : لاہوریوں کا انتظار ختم ، اورنج لائن ٹرین چل پڑی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسلم لیگ ن کے منصوبے کا افتتاح کردیا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوچکا ہے،دونوں ممالک کی دوستی سمندروں سے گہری اور پہاڑوں سے بلند ہے،یہ دوستی مزید شہد سے میٹھی ہوگی ۔ حکومت پنجاب اس منصوبے کیلئے 15 ارب روپےسبسڈی دے گی، اورنج لائن ٹرین منصوبہ مکمل کرنے میں چین کی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر بھی شریک ہوئے۔حکومت پنجاب کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے۔افتتاحی تقریب کے بعد 26 اکتوبر سے شہری اورنج ٹرین میں سفر کر سکیں گے، ٹرین صبح ساڑھے 7 سے رات ساڑھے 8 بجے تک چلائی جائے گی۔

خیال رہے اورنج لائن میٹرو ٹرین کوبلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچایا جا سکا،آٹھ کی بجائے چھ سرکٹس سے بجلی فراہم کر کے ٹرین کو آپریشنل کر دیا گیا۔ اورنج لائن ٹرین کو آپریشنل کرنے کے لئے بلا تعطل بجلی فراہمی کے انتظامات تاحال نا مکمل ہیں،،ٹرین کو چلانے کے لئے لیسکو نے آٹھ سرکٹس سےبجلی کی فراہم کرنا تھی ،تاہم آپریشنل ہونے تک لیسکو نے چھ سرکٹ سے بجلی فراہم کی ہے ۔

 منصوبے کے تحت دو سرکٹ سے تاحال بجلی سپلائی کرنے کا منصوبہ التواء کا شکار ہے، اورنج لائن ٹرین کو بجلی دینے کے لئے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے علیحدہ دو گرڈ سٹیشن بنائے جس میں سنگھ پورہ اور ملتان روڈ پر شاہ نور گرڈ سٹیشن شامل ہیں،، شالامار کے علاقے میں چار کی بجائے دو سرکٹ سے بجلی فراہم کی جائیگی، مذکورہ گرڈ پر فتح گڑھ اور شالامار گرڈ سٹیشنز سے اورنج لائن کو بجلی دی جائیگی،،، جبکہ دوسری جانب بند روڈ اور سید پور گرڈ سٹیشن سے بھی دو دو سرکٹ نکال کر بجلی دی گئی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران صاحب ن لیگ کے کام بولتے ہیں،اورنج لائن منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی، بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے۔

 
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاہے کہ یہ وہی منصوبہ ہے جس کے خلاف پی ٹی آئی عدالت گئی تھی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ہر منصوبہ کو متنازعہ بنایا،نقصان پہنچایا،عمران صاحب نے ہر عوامی منصوبے کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔نوازشریف اور شہبازشریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں،عمران صاحب کس منہ سے اورنج ٹرین منصوبے پر تختی لگا رہے ہیں،عوام جانتی ہے عمران خان نے 126 ارب کے بی آر ٹی کھڈے کھودے۔

مزیدخبریں