نئی گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کا انکشاف

25 Oct, 2020 | 02:49 PM

Sughra Afzal

فرید کوٹ ہاؤس (علی ساہی) مختلف شہروں میں نئی گاڑیاں جعلی کاغذات پر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف، محکمہ ایکسائزکا نئی رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے کاغذات متعلقہ کمپنیوں سے تصدیق کروانے کا فیصلہ، جعلی کاغذات پر گاڑی کی رجسٹریشن منسوخ، فیس ضبط اور جعلساز کیخلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

ڈائریکٹر ریجن سی رانا قمرالحسن نے شہر میں رجسٹرڈ ہونیوالی تمام نئی گاڑیوں کے کاغذات ایم آرایز کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ کمپنی سے تصدیق کروایا جائیں، سکیورٹی فیچر کاغذات کی وجہ سے پہلے گاڑی رجسٹریشن کے بعد کمپنی سے کاغذات تصدیق نہیں کروائے جاتے تھے، لیکن سندھ میں بڑی کارکمپنی کے جعلی کاغذات تیار کر کے سینکڑوں گاڑیاں رجسٹرڈ کروائی گئی ہیں اور انہی کاغذات کو پنجاب میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔

پنجاب میں جعلسازوں سے بچنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، 2019ء اور رواں سال ہونیوالی رجسٹرڈ نئی گاڑیوں کے کاغذات تصدیق کیلئے متعلقہ کمپنیوں کو بھجوائے جارہے ہیں، کمپنی کی جانب سے تصدیق نہ ہونے پر گاڑی کی رجسٹریشن منسوخ اور فیس ضبط کر کے جعلسازی کا مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی جی ایکسائز صالحہ سعید نے گاڑی رجسٹریشن کارڈ وصول کرنے والوں کی تصویر بنانا لازمی قرار دے دیا ہے، اسی حوالے سے ایکسائز دفاتر میں ایکسپریس کاونٹر قائم کرکے کیمرے نصب کردیئے گئے، گاڑی مالک کوشناختی کارڈ اورتصویر بنائے بغیرکارڈ جاری نہیں کیا جائےگا، تصویر بنانے سے ریکارڈ مکمل اور شفاف طریقہ سے تیارکیا جاسکے گا،دفترسے کارڈ ایجنٹ کی بجائے صرف گاڑی مالک کو دیا جائے گا، سسٹم میں گاڑی مالک کا شناختی کارڈ درج کرکے کارڈ جاری کیا جائے گا۔

 

مزیدخبریں