سٹی 42 :مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اس امر کی سختی سے تردید کی ہے کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف ان سے ناراض ہیں۔
قومی روزنامے کے مطابق احسن اقبال نے کہاکہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ انہوں نے خواجہ آصف اور رانا تنویر حسین کے ہمراہ اسٹبلشمنٹ کے کسی نمائندے سے ملاقات کی اور لاہور میں انہوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اجازت کے بغیر نیب کی زیرحراست میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ان کاکہناتھاکہ یہ سب من گھڑت اور ٹوسٹڈ سٹوری ہے۔
یادرہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے اہم معاون شہزاد اکبر نے حال ہی میں کہا تھا کہ جس وقت شہباز شریف نیب کی حراست میں تھے اس وقت نون لیگ کے تین رہنمائوں نے ان سے ملاقات کی تھی اور میڈیا کے کچھ مبصرین نے اشارہ دیا تھا کہ نواز شریف نون لیگ کے ان رہنمائوں سے ناراض ہیں جنہوں نے نیب کی جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اسلئے ناراض تھے کہ اُن تین نون لیگی رہنمائوں نے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے سینئر نمائندے کی ’’درخواست‘‘ پر شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ یہ تین رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا تنویر حسین تھے۔
خیال رہے ایک اخبار نے سٹوری شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ نون اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اب بھی رابطے ہیں لیکن نواز شریف اپنی جارحانہ حکمت عملی پر پیش قدمی کے فیصلے پر قائم ہیں۔