(شاہین عتیق)چادراور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کا معاملہ، سبزہ زار کی مہوش نے ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست دائر کردی ۔ایڈیشنل سیشن جج جہانزیب چٹھہ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جہانزیب چٹھہ کی عدالت میں سبزہ زار کی مہوش نے ایس ایچ اوسبزہ زار اور دیگر پولیس اہلکاروں پر الزام لگایا ہے کہ یہ اس کے گھر میں داخل ہوئے، انہوں نے بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا، بعد میں گھر سے قیمتی اشیا اٹھا کر لے گئے۔ اس نے متعلقہ تھانے درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
متاثرہ خاتون کا کہناتھا کہ مجبوراً سیشن عدالت سےرجوع کیا ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ ایس ایچ او کے خلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ایس ایچ او سبزہ زار سے رپورٹ طلب کر لی۔
واضح رہے کہ خواتین پر تشدد کے واقعات روکنے کا نام نہیں لے رہے،خواتین پر ظلم و تشدد معاشرتی برائی اور قانوناً جرم ہے، ہوس، زیادتی کا شکار مظلوم خواتین معاشرے میں ذلت وخواری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، گھریلو مسائل کا بھی اس معاملہ میں بڑا عمل دخل ہے، آئے روز حوا کی بیٹیوں پر ظلم وزیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے افسوسناک واقعہ رونماں ہورہے ہیں۔
گزشتہ روز لاہور کے علاقہ نشترکالونی میں دیور نے بھابھی کو اس قدر مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ ہسپتال پہنچ گئی، پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بدبخت انسان کو گرفتار کرلیا،دوران حراست ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ بھابھی اکثر بھائی کے ساتھ لڑتی رہتی تھی جس کا اسے رنج تھا۔
ملزم نے اپنے بھائی کی غیر موجودگی میں اپنی بھابی کو ڈنڈوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔وحشیانہ تشدد کی وجہ سے عمیرا بی بی کے ایک پھیپھڑے کو بھی نقصان پہنچاتھا۔