( عرفان ملک ) ایف آئی اے سائبر کرائم کے آفیسر کو اغوا کرنے کی کوشش، جوہر ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی اے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں ثاقب کا کہنا ہے کہ ہائی پروفائل کیسز کی تحقیقات کر رہا ہوں اسی وجہ سے اغوا کی کوشش کی گئی۔
جوہر ٹاؤن تھانے میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں ثاقب کو 3 افغانی پٹھانوں نے اغوا کی کوشش کی تو ان کے شور مچانے پر اغوا کار فرار ہوگئے۔ میاں ثاقب کی درخواست پر نامعلوم افغانی 3 پٹھانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں اغوا کرنے کی کوشش سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق میاں ثاقب اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ اسی دوران اغوا کاروں نے ان کی گاڑی روک لی، جس پر انہوں نے شور مچایا اور اغوا کار لوگوں کے اکٹھا ہونے پر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا تاہم تین روز گزرنے کے باوجود تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔