(علی ساہی) چہلم حضرت امام حسینؑ کی سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ آئی جی پنجاب نےعرس داتا صاحب اور تبلیغی اجتماع کے لیے بھی سکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کردی۔
سٹی 42 کے مطابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے محکمہ داخلہ کو چہلم حضرت امام حسینؑ کی سکیورٹی کے لیے مراسلہ بھجوایا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 22 کمپنیاں فوج کی اور11 کمپنیاں رینجرز کی دی جائیں، جبکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں فضائی نگرانی کیلئے بھی درخواست کی گئی ہے۔ مراسلے میں چہلم کے جلوس اور عرس داتا صاحبؒ کے موقع پر ٹریفک پلان مرتب کر کے شہریوں کو آگاہ کر نے کا بھی کہا گیا۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ چہلم کے موقع پر پنجاب بھر میں 27 ہزار 278 اہلکار 443 جلوسوں کی سکیورٹی کریں گے۔ لاہور میں 6 ہزار 200 اہلکار جلوس کی سکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے۔ جلوس کے روٹ پر چھتوں پر سنائپر تعینات کیے جائیں گے جبکہ مرکزی جلوس کو سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے مراسلے میں عرس داتا دربار اور رائیونڈ تبلیغی اجتماع کی سکیورٹی فول پروف بنانے اور انکے اطراف میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ و سرچ آپریشن کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔