ویب ڈیسک : وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہےکہ ہم نے اپنا نقصان برداشت کرلیا ہے، جو ذمہ دار ہیں انہیں سزا ملے گی۔
پنجاب پولیس کے شہید کانسٹیبل مبشر بلال کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں وزیرداخلہ محسن نقوی ، آئی جی پنجاب سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج پھر ہمیں جنازے پڑھنے پڑے ہیں، جن لوگوں نے احتجاج کی یہ کال دی، لوگوں کو بلایا وہ تمام ذمہ دار ہوں گے۔ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، سب کے خلاف ایف آئی آرز ہوں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کا بھی نقصان ہوا، قوم کے پیسے ضائع ہورہے ہیں، ہم نے اپنا نقصان برداشت کرلیا ہے، جو ذمہ دار ہیں انہیں سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گولی کا جواب گولی سے آسانی سے دیا جاسکتا ہے، لیکن پولیس نے گولیوں کا جواب آنسو گیس شیل اور ربر بلٹ سے دیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے دو جوانوں کی حالت نازک ہے، لواحقین سے وعدہ ہے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 119 بندے زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے 4 اسلحے سے زخمی ہوئے ہیں، 28 سے زائد گاڑیوں کا نقصان ہوا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم ٹوٹل دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ کی فورس ہیں اور پنجاب پولیس کی 22 ہزار نفری اسلام آباد میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر بلال کو ہکلہ چیک پوسٹ پر عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے شر پسندوں نے بلا اشتعال حملہ کر کے زخمی کیا تھا، سر پر شدید چوٹیں آنے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن میڈیکل پروفیشنل سر توڑ کوشش کے باوجود ان کی زندگی نہیں بچا سکے۔ شہید کی دو بیٹیاں ہیں اور ایک بیٹا ہے۔