ویب ڈیسک : وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہےکہ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ پاکستان ترقی کرے گا، معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، بیلاروس اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، ہم ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، پالیسی ریٹ مسلسل کم ہو رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کر چکی ہے۔ پٹرول، آٹا، بجلی پچھلے سال کی نسبت اس سال سستے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب اور وفاق نے مجموعی طور پر 95 ارب روپے کی بجلی پر سبسڈی دی۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا دوست ممالک کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے بیلارس کے صدر کا دورہ انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔