اے آر رحمان کی سابق بیوی سائرہ بانو نے ناقدوں کو شرمندہ کر دیا

25 Nov, 2024 | 01:45 AM

Waseem Azmet

سٹی42: اے آر رحمان سے طلاق لینے کے بعد  نیوز میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر گوسِپ کا موضوع بن جانے والی خاتون سائرہ بانو نے آج اپنا آڈیو بیان ریلیز کر دیا اور قیاس آرائیاں اور تنقیدیں کرنے والے تمام لوگوں کو شرمندہ کر دیا۔ سٹی 42  نے میوزیشن اللہ رکھا رحمان کی پرسنل لائف کا احترام کرتے ہوئے ان کی سائرہ بانو سے طلاق کے متعلق کوئی خبر شائع کی نہ ہی کوئی قیاس آرائی شائع کی۔

آسکر  ایوارڈ  یافتہ  سنگر اور میوزیشن   اے آر  رحمان کی سابقہ اہلیہ سائرہ بانو  نے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے خاموشی توڑ تے ہوئے ناقدوں سے کہا کہ اے آر کے متعلق ایک لفظ بھی برا مت بولیں۔ انہیں اپنے سابق شوہر سے کوئی شکایت نہیں نہ ان سے کوئی جھگڑا ہے، سائرہ بانو نے اپنی علیحدگی کی وجہ اپنی بیماری کو قرار دیا اور اصرار کیا کہ وہ اپنے علاج کے لئے اے آر رحمان سے دور ہوئی ہیں اور چنئی چھوڑ کر  ممبئی آئی ہیں۔ 

 سائرہ بانو نے ایک آڈیو میں بیان میں اپنا تعارف سائرہ رحمان کے نام سے کراتے ہوئےکہا کہ میں اس وقت ممبئی میں ہوں۔ میں گزشتہ چند ماہ سے جسمانی طور پر ٹھیک نہیں، اس لیے میں نے اے آر سے 'تھوڑا وقفہ لینے کا فیصلہ کیا'۔

سائرہ بانو نے یوٹیوبرز  اور تامل میڈیا سے درخواست کی کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے چنئی چھوڑنا پڑا، میں ممبئی میں اپنا علاج کرانے آئی ہوں اور یہ اے آر کے مصروف شیڈول کے ساتھ چنئی میں ممکن نہیں تھا، میں کسی کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، نہ اپنے بچوں کو اور نہ ہی انہیں۔

سائرہ بانو نے اے آر رحمان کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہیں۔ اور میں صرف یہی درخواست کرتی ہوں کہ انہیں ویسے ہی رہنے دیں جیسے وہ ہیں، میں ان پر اپنی جان سے زیادہ بھروسہ اور پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات بند کریں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیں اور سکون میں رہنے دیں۔ ابھی 'ہم نے کچھ بھی باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا'۔

سائرہ بانو کا مزید کہنا تھا کہ میں جلد ہی چنئی واپس آؤں گی، لیکن پہلے مجھے اپنا علاج مکمل کرنا ہے، آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان کا نام خراب کرنا بند کریں، وہ ایک انمول شخصیت ہیں۔

اپنے بیان میں سائرہ بانو نے اپنی بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

سائرہ بانو کی وکیل کا رسمی بیان

سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا کہ تلخی اور مشکلات کے باعث ان کے درمیان ایک ایسا فاصلہ پیدا ہو گیا ہے جسے اس وقت دونوں فریق ختم کرنے سے قاصر ہیں۔

سائرہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کریں۔

 اے آر رحمان نےایکس پر اپنے مداحوں کو بتایا تھا کہ ہم نے شادی کے 30 برس تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہر چیز کا اختتام ہے جو کسی نے نہیں دیکھا، ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، ان کے تین بچے ہیں۔

اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی، ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔

مزیدخبریں