سٹی42: وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کے لئے حکومت کے سخت اینٹی سموگ ایکشن میں تعاون کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں ہفتہ کی سہ پہر سیف سٹی اتھارٹی ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ان کے دریافت کرنے پر منتظمین نے 23,24 اور 25نومبر کا اے کیوای ڈیٹا پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور مین ہوا کی کوالٹی مین گزشتہ تین روز میں مسلسل بہتری کو اینٹی سموگ اقدامات خصوصاً سمارٹ لاک ڈاؤن کا نتیجہ قرار دیا۔ اور ائیرکوالٹی انڈیکس میں بہتری پر عوام اور سرکاری اداروں کو مبارکباد کا مستحق قرار دیا۔
بعد ازاں سماجی پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لکھا کہ لاہورمیں ہمارے اینٹی سموگ اقدامات کے اثرات کو دیکھنے پر میں شکر گزار ہوں! پیشرفت واضح ہے:
- 23 نومبر: AQI 454
- 24 نومبر: AQI 380
- 25 نومبر: AQI 232
آئیے صحت مند، صاف ہوا کے لیے اس مثبت رجحان کو برقرار رکھیں!
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سموگ سے زیادہ متاثر چھ ڈویژنوں کے تمام اضلاع میں آج اتوار کے روز بھی تقریباً مکمل لاک ڈاؤن کا حکم جاری کر رکھا ہے۔ اس لاک ڈاؤن کے تحت لاہور، ملتان، فیصل آباد، ساہی وال، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ۔ سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاولدین شہروں سمیت چھ ڈویژنز کے تمام شہروں اور قصبوں میں کاروباری سرگرمیاں دن بھر بند رہیں گی۔ شام چار بجے کے بعد تاجر دوکانیں کھولنا چاہیں تو کھول سکتے ہیں۔ اس لاک ڈاؤن کا مقصد ژوبہ کے سموگ زدہ علاقوں میں ہوا کی کوالٹی بہتر بنانے میں مدد کرنا ہے۔