سٹی42: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں آنے والی پروازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔سی اے اے نے بتایا ہے کہ کابل میں تاحال ایئر ٹریفک سروس معطل ہے۔
نئے ارینجمنٹ کے تحت افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے 15 منٹ قبل پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہی دینی ہوگی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے طیاروں کے رابطہ کرنے کے لئے فریکوئنسی بھی جاری کردی۔
جاری کردہ فریکوئنسی کے ذریعے ہی افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ افغانستان اور سینٹرل ایشین ممالک سے آنے والی پروازوں کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد فلائٹ انفارمیشن ریجن سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ مشرق سے افغانستان جانے کے لیے پروازوں کو اسلام آباد، کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن رہنمائی فراہم کریں گی۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ افغانستان جانے والی پروازیں اپنے رسک پر جاسکتی ہیں،پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کرکے تمام ایرلائنز کو آگاہ کردیا۔