ویب ڈیسک: پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث راولپنڈی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد چاروں اسپتالوں میں پہلے سے طے آپریشن موخر کردیے گئے ہیں جبکہ تمام سرجن ڈاکٹر اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہر صورت ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسپتالوں کے آپریشن تھیٹر کو ایمرجنسی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں بیڈز کی گنجائش کو بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ ادویات، ضروری آلات، بلڈ بینک میں تمام گروپ کا بلڈ جمع کرلیا گیا ہے۔چاروں ہسپتالوں میں ایمبولینس سروس دستیابی کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
بینظیر بھٹو جنرل اسپتال، ہولی فیملی اسپتال ایمرجنسی الرٹ پر رہیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، یورا لوجی انسٹی ٹیوٹ بھی ایمرجنسی الرٹ پر ہونگے۔
بینظیر بھٹو جنرل اسپتال کے آفیسر وارڈ خالی کرالیا گیا ہے، اسپتالوں میں مسلسل رہنے والے ڈاکٹرز اور عملے کو عارضی رہائش گاہ پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سینٹرل آکسیجن سسٹم کے مکمل فعال ہونے اور سلنڈرز میں آکسیجن کی موجود گی یقینی بنادی گئی ہے۔