ویب ڈیسک:صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
ماضی کے مشہور ترین ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار و کامیڈین اسماعیل تارا کی وفات پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے بھی مرحوم اسماعیل تارا کی اداکاری اور مزاح کے شعبے میں خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل تارا نے اپنی اداکاری سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیریں۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ اسماعیل تارا ایک اچھے اداکار اور کامیڈین تھے۔
واضح رہے کہ نامور فنکار اسماعیل تارا گزشتہ روز 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔اہلِ خانہ کے مطابق لیجنڈری اداکار 3 روز سے علیل اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔