یکساں قومی نصاب، صوبائی محکمہ تعلیم نے کو ئی کمیٹی تشکیل نہیں دی، پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ

25 Nov, 2021 | 07:43 PM

Imran Fayyaz

لاہور(ویب ڈیسک) یکساں قومی نصاب  کے حواالے سے نجی ٹی وی اور اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہو ئے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ کےترجمان نے  کہا ہے کہ یکساں قومی نصاب کے حوالے سے صوبا ئی محکمہ تعلیم نے کو ئی کمیٹی تشکیل نہیں دی،نہ ہی سکولز کے لئے کوئی کیٹیگریز بنائی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے اس خبر کی  تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے حکومت پنجاب کو یکساں قومی نصاب کے تحت پہلے مرحلے میں نرسری تا پنجم جماعت کی 30ماڈل نصابی کتب اور نصاب موصول ہوا جو صوبائی کابینہ کی منظوری سے اختیار کرنے کے بعد صوبے بھر میں کامیابی کے ساتھ نافذ العمل ہے۔

یکسا ں قومی نصاب کے سلسلے میں وفاق کی طرف سے نصاب اور کتب کی مزید بہتری کے لئے اگر کوئی ہدایات موصول ہوں گی تو ان پر حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد مکمل عمل درآمدکیاجائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے پہلے مرحلے میں رواں تعلیمی سال کے لئے نرسری تا پنجم جماعت تک سنگل نیشنل کریکولم کے تحت تمام نصابی کتب بروقت فراہم کی ہیں ۔دوسرے مرحلے میں آئند سال چھٹی سے آٹھویں جماعت تک یکساں قومی نصاب کے تحت  وفاق کی طرف سے جو نصابی کتب موصول ہوں گی حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد ان کی بروقت اشاعت کو یقینی بنایا جائے گا ۔اس سے اگلے مرحلے میں انٹرمیڈیٹ تک یکساں قومی نصاب نافذ کیا جائے  گا۔

مزیدخبریں