درنایاب : فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبے کا افتتاح ایک مرتبہ پھر ملتوی کردیا گیا ، نامکمل تعمیراتی کام بنیادی وجہ بنا ،، وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور پر منصوبے کا سافٹ افتتاح شیڈول سے باہر کردیا گیا ۔
فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا سنگ بنیاد وزیراعلیٰ نے اٹھارہ مئی کو رکھا تھا ۔ پلان کے مطابق انڈر پاس کی بیرل 540 میٹر جبکہ مکمل لمبائی 900 میٹر ہے ۔ انڈر پاس سے گزرنیوالوں کی تعداد کا اندازہ 91ہزار لگایا گیا ۔ انڈر پاس سے ڈیفنس ، کیولری ، گلبرگ آنے جانیوالوں کو فائدہ ہوگا ۔
منصوبے پر باقاعدہ کام پانچ جون کو شروع کیا گیا ۔ منصوبہ تین ماہ کی بجائے چار ماہ میں بھی مکمل نہ ہوا ۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے چار ماہ کے منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ نے بیس نومبر کو افتتاح کرنا تھا ۔ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئےوزیراعلی نے مزید پانچ دن دیئے جو آج مکمل ہوگئے ۔ وزیراعظم کے دورہ لاہور پر انڈر پاس کا سافٹ افتتاح متوقع تھا، جسے وزیراعظم کے شیڈول سے باہر کردیا گیا ۔ چیف انجنئیر ایل ڈی اے عبدالرزاق چوہان نے ناقص تعمیراتی کام اور سست رفتار کی وجہ سے افتتاح نہ ہونے کا اعتراف کیا ۔
فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے افتتاح کیلئے اب تیسری تاریخ کل متوقع ہے، ایل ڈی اے نے وزیراعلی سے وقت مانگ لیا ہے۔