پی آئی سی کے عملے پر وکلاء کے تشدد کیخلاف آؤٹ ڈور میں ہڑتال

25 Nov, 2019 | 11:53 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) گرینڈ ہیلتھ الائنس کی پی آئی سی کے عملے پر وکلاء کے تشدد کے خلاف آؤٹ ڈور میں ہڑتال، کام بند، رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا چند شرپسند کالے اور سفید کوٹ کی آپس میں لڑائی کا موجب بن رہے ہیں، وزیراعظم معاملے کی خود انکوائری کروائیں، پولیس شدید دباؤ میں ہے، رہنمائوں کی وزیرصحت پر بھی کڑی تنقید، بولے ڈاکٹر یاسمین راشد اپنی ناکامی کا ملبہ ہم پر ڈال رہی ہیں۔

پی آئی سی کے آؤٹ ڈور میں وکلا کی ہسپتال عملے اور مریضوں سے مارپیٹ کے واقعہ کے خلاف پیر کے روز او پی ڈی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ جس سے علاج معالجہ بدترین تعطل سے دوچار ہوا اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ مارپیٹ کرنے والے وکلا برادری کے نمائندے نہیں ہوسکتے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے نمائندوں نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں میں سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تاحال قانون سازی نہیں کرسکی۔ وزیر صحت مسائل مسائل حل کرنے کی اہلیت ہی نہیں رکھتیں۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس نے مطالبہ کیا کہ ہفتہ کے روز پیش آنے والے واقعہ کی حکومت شفاف تحقیقات کرے پولیس ہمارا موقف نہیں سن رہی۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے اعلان کیا کہ اگر ہسپتالوں میں اس نوعیت کی جارحیت کا مظاہرہ جاری رکھا گیا تو فرائض سر انجام نہیں دے سکتے۔

مزیدخبریں