(سٹی 42) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین پر ظلم و تشدد معاشرتی برائی اور قانوناً جرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج خواتین پرتشددکےخاتمےکاعالمی دن منایاجارہا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کا خاتمہ کرکے انہیں با عزت مقام دینا ہوگا،دین اسلام نےخواتین کو عزت و احترام،حقوق سے نوازا ہے،تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی ترجیحات میں شامل ہے، خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئےموثر اقدامات کئے جارہے ہیں، خواتین کی دادرسی کیلئے قائم سنٹرز کا دائرہ کار پھیلایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تشدد سے خواتین کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں اور معاشرے میں بدامنی پیدا ہوتی ہے، خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے،نئے پاکستان میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، نئے پاکستان کا خواب خواتین پر تشدد کے مکمل خاتمے تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت تشدد کا شکارخواتین کی داد رسی کیلئے اقدامات کرنے میں سنجیدہ ہے، یہ دن تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ دے کر انہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں خواتین پر تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
ہمیں حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی ، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کا عہد کرنا ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، پنجاب میں ہر کام میرٹ پر کیا جارہا ہے۔