سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے سمگلنگ روکنے کے لئے سول آرمڈ فورسز کی انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کی کاکردگی سے متعلق اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں آرمی چیف بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کو اہم بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے سمگلنگ میں کمی لانے کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ہمیں آپ لوگوں پر فخر ہے کہ آپ کٹھن حالات اور چیلنجوں کے باوجود اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔سمگلنگ کے خلاف جنگ میں کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی سمگلنگ روکنے کے لئے کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپےکا فائدہ ہو رہاہے۔سمگلنگ کے خلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا اور بلوچستان،ڈی جی رینجرز پنجاب اور سندھ موجود تھے۔ ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔