بھارت  میں راجکوٹ کے گیمنگ زون میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک  

25 May, 2024 | 11:35 PM

سٹی42:  گجرات کے راجکوٹ کے نانا ماوا روڈ پر واقع ٹی آر پی گیمنگ زون میں ہفتہ کو زبردست آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

 آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 8 ٹیمیں جدوجہد کر رہی ہیں۔ آگ نے بتدریج پھیل کر پورے گیم زون کمپلیکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ نے 10 سے 12 لوگوں کو بچا لیا ہے۔

گیمنگ زون میں اچانک لگنے والی آگ سے جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ آگ لگتے ہی پورا علاقہ چیخ و پکار سے گونجنے لگا تھا۔  آگ اتنی بھیانک تھی کہ دھویں کے بادل ایک کلومیٹر تک دکھائی دے رہے تھے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

راجکوٹ کے پولس کمشنر راجو بھارگوا نے بتایا کہ ٹی آر پی گیمنگ زون میں دوپہر میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ہم لاشیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 25 کے قریب لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور انہیں  ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

آگ کا شکار ہونے والا نجی گیمنگ زون یوراج سنگھ سولنکی نامی شخص کی ملکیت ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ جو اموات ہوئی ہیں اس میں غفلت برتنے پر مقدمہ درج کریں گے۔  مزید تفتیش یہاں ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد ہوگی۔

مزیدخبریں