دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو  23 رنز سے ہرا دیا

25 May, 2024 | 07:59 PM

سٹی42: پاکستان  اور  انگلینڈ  کے  دوسرے ٹی 20  میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو  23  رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کر کے 7 وکٹوں کے نقصان پر   183 رنز بنائے ، پاکستان کی ٹیم  کا آخری کھلاڑی  20  ویں اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہو گیا۔ اس وقت پاکستان کا سکور  160 رنز تھا۔ 

پاکستان کی ٹیم نے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو  دونوں اوپنرز کے ساڑھے تین اوورز میں 14 رنز کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اور فخر زمان نے اس مشکل صورتحال سے پاکستان کو  کامیابی سے نکال لیا  اور   ساتویں اوور کے اختتام تک پاکستان کو سیف زون میں واپس لے آئے تھے۔ سات اوورز کے خاتمہ پر پاکستان کا مجموعہ 2  وکٹوں کے نقصان پر 64  تھا اور رن ریٹ 9.16 ہو گیاتھا۔  آٹھویں اوور کے اختتام پر پاکستان  کا رن ریٹ مزید بہتر ہو گیا لیکن  9 ویں اوور کی پہلی گیند پر کپتان بابر اعظم کی وکٹ گرنے سے پاکستان ایک بار پھر مشکل میں پھنس گیا۔ اس وقت  پاکستان کا مجموعہ 67  تھا ۔  دسویں اوور میں  پاکستان کے  شاداب خان بھی صرف 3 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ 10  اوورز میں پاکستان نے 84 رنز بنائے اور اس کا رن ریٹ  ساڑھے سات رہ گیا۔ اس کے بعد پاکستان جیت کے لئے درکار رن ریٹ سے دور ہوتا گیا اور کامیابی کے امکانات معدوم ہوتے گئے لیکن پاکستانی بیٹرز نے کوشش جاری رکھی

آج پاکستان کی طرف سے سب ے زیادہ رنز فخر نے بنائے جو  21 گیندوں سے  45 تھے۔ کپتان بابر اعظم آج صرف 32 رنز بنا سکے۔  اعظم خان نے 10 گیندوں سے  11 اور افتخار احمد نے  17 گیندوں سے 23 رنز بنائے۔  عماد وسیم 13 گیندوں سے  22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ شاہین آفریدی 9 اور محمد عامر 5 رنز بنا پائے۔  حارث رؤف 3 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس گئے۔

اوپنر محمد رضوان پہلے اوور  میں معین علی کی تیسری گیند پر  کوئی رن بنائے بغیر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔ تیسرے اوور میں ریسی ٹوپلے کی تیسری گیند پر دوسرے اوپنر صائم ایوب بھی  7 کے انفرادی سکور پر  کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔ 

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 20  اوورز میں  183 رنز بنائے تھے۔ انگلش بیٹرز نے  18  اوورز میں164  رنز بنا لئے تھے ،آخری دو اووروں میں انہوں نے مجموعے میں  19 رنز کا اضافہ کیا۔ 

پاکستان کے باؤلرز نے ابتدا میں میزبان بیٹرز سے مار کھائی لیکن جوز بٹلر کی وکٹ گرنے کے بعد گرین شرٹس سنبھل گئے اور انہوں نے رن ریٹ کرٹیل کرنا شروع کر دیا۔  انگلینڈ کی ٹیم اپنے مجموعہ کو  200 کے نزدیک نہیں لے جا پائی۔ 

انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ  13  رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،  وِل جیکس 37  جونی بیرسٹو 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری برول ایک رن اور معین علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  اٹھارہ اوورز کے اختتام پر انگلینڈ کے کیپٹن جوز بٹلر  51  گیندوں سے  84  رنز بنا   کر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 3 چھکے اور   8  چوکے مارے۔ کرس جورڈن 3 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔  جوفرا آرچر 8 رنز اور لیام لِوِنگ سٹون  2 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس گئے۔

ٹاس 

آج میچ میں ٹاس پاکستان کے کیپٹن بابر اعظم نے جیتا تھا۔ انہوں نے وکٹ کی کنڈیشن کو دیکھ کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا۔ 

آج ہر کھلاڑی سو فیصد پرفارمنس دے، بابر اعظم 

 کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ انہیں  بولرز کے انتخاب میں مشکل ہورہی ہے ۔ انہوں نے  اپنی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج  اپنی سو فیصد کارکردگی  دکھائیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم  برمنگھم میں جب بھی کھیلتے ہیں،  بھرپور سپورٹ ملتی ہے ،  آج  پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی دکھائی دے رہی ہے ۔

اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز جیتنا چاہتے ہیں، جوز بٹلر

 انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز جیتا چاہتے ہیں ۔ یہ سیریز ورلڈ کپ کے لیے بہت اہم ہے ۔

پاکستان کی ٹیم

آج کے میچ میں  فاسٹ بولر حارث روف  انجری کے بعد  پہلی مرتبہ کھیلنے کے لئے میدان میں آئے ہیں۔ 
 پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم ، اعظم خان وکٹ کیپر ، فخر زمان ، حارث روف ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عامر ، محمد رضوان ، سائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

مزیدخبریں