(سٹی42) پاکستانی ایتھلیٹ اور سرکاری ٹی وی کی اینکرپرسن مونا خان کو یونان میں حراست میں لے لیا گیا، ان کی گرفتاری کی وجہ تاحال سامنے نہ آ سکی۔
ذرائع کے مطابق یونانی پولیس نے گزشتہ روز موناخان کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا، اُنہیں پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائےگا، فی الوقت ایتھلیٹ مونا خان کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ ایتھلیٹ مونا خان ہائیکنگ کے لئے یونان گئیں تھیں, جہاں اُنہین گذشتہ روز 2 بجے یونانی پولیس نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔
ایتھلیٹ مونا خان کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ گریس پولیس نے بدسلوکی کی ہے، موناخان کے کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ مونا خان کا موبائل فون بھی یونانی پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے، میرا مونا خان سے آخری رابطہ آج ہوا تھا ، مونا خان اپنے 7 سالہ بیٹے کو ایتھنز میں چھوڑ کر گئیں تھیں، ایتھلیٹ مونا خان سرکاری ٹی وی میں اینکر پرسن بھی ہیں۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے مونا خان کی گرفتاری کے معاملے کو یونانی حکام کے سامنے اٹھا لیا ہے, یونانی حکام سے مونا خان تک قونصلر کی رسائی بھی مانگی ہے, یونان میں پاکستانی سفارت خانہ مونا خان کی گرفتاری کی وجوہات معلوم کر رہا ہے, پاکستانی سفارت خانہ مونا خان کے رننگ کوچ ملک یوسف سے بھی رابطے میں ہے۔